اسرائیلی فوج کے نائب چیف آف جنرل سٹاف یائیر نافیہ کے انکشاف کے مطابق اسرائیلی فوج نے فلسطینی مزاحمتی تنظیموں اور حزب اللہ کی جانب سے اپنے فوجیوں کا اغوا روکنے کے لیے خصوصی تربیتی مشقیں شروع کر دی ہیں۔ مستقبل میں صہیونی فوجی اہلکاروں کے اغوا کی کارروائیاں روکنے کے لیے کی جانے والی ان مشقوں میں فوجیوں کی بڑی تعداد شرکت کر رہی ہے۔
انہوں نے اسرائیلی سیٹلائٹ چینل سیون کی اس خبر کی تردید کی جس میں کہا گیا تھا کہ اسرائیلی پولیس کے اہلکار اغوا کی کارروائیاں روکنے کے لیے اپنی مشقیں تین کے بجائے ایک ماہ میں ختم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس موقع پر اسرائیلی فوجی پولیس کے عہدیدار مئیر اوحانا کا کہنا تھاکہ اسرائیلی فوج اپنے فوجیوں کو فلسطینی مزاحمت کاروں کی جانب سے اغوا کی کوششوں سے بچنے کی تربیت فراہم کرے گی۔ ان مشقوں کے دوران فوجیوں کو بتایا جائے گا کہ وہ کسی صورت اکیلے اپنی کار میں سفر نہ کریں، غیر مسلح ہونے کی صورت میں فوجیوں کو اشک آور گیس اپنے پاس رکھنے کی نصیحت بھی کی جائے گی۔