غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی حکومت کی طرف سے الاقصیٰ ٹی وی چینل کی نشریات بند کرنے کے فیصلے پر فلسطین کے عوامی، سیاسی اور ابلاغی حلقوں کی طرف شدید رد عمل سامنے آیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق الاقصیٰ ٹی وی چینل کی طرف سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے چینل کی نشریات پرپابندی عائد کرکے فلسطینی قوم کے خلاف اپنے جرائم اور مظالم پر پردہ ڈالنے اور دنیا کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کی ہے۔
الاقصیٰ چینل کی طرف سے کہا گیا ہے کہ اسرائیلی وزیراعظم بنجمن نیتن یاھو انتخابات کی کامیابی کے لیے اُوچھے ہتھکنڈوں پر اُتر آئے ہیں۔ الاقصیٰ چینل پرپابندی اسرائیل میں آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات کو کامیاب بنانے کی کوشش ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ الاقصیٰ چینل دہشت گردتنظیم نہیں بلکہ دہشت گردی کے شکار فلسطینیوں کےحقوق کے لیے کام کرتی ہے۔