مقبوضہ فلسطین کے 1948ء کے دوران اسرائیلی تسلط میں چلے جانے والے شہروں میں قائم سماجی تنظیم”کمیٹی برائے قومی دفاع و آزادی” نے خبردار کیا ہے کہ قابض اسرائیلی فوج مقامی آبادیوں، دیہات اور شہروں میں جنگی مشقیں کررہی ہے جس کے باعث مقامی آبادی میں شدید تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔
تنظیم کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ قابض فوج مقبوضہ شہروں طیرہ، قلنسوۃ، طیبہ اور کفر قاسم میں رات کے اوقات میں جنگی مشقیں کرتی ہے۔ اس دوران اسرائیلی فوج کے ٹینک اور فوجی گاڑیاں کھلے عام آبادی میں داخل ہوجاتے ہیں ۔ مشقوں کے دوران مختلف مقامات پرگولہ باری بھی کی جاتی ہے جس سے شہریوں کے جانی اور مالی نقصان کا اندیشہ پیدا ہوگیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ قابض فوج کی جانب سے جاری مشقیں شہریوں کے معمولات زندگی میں کھلی مداخلت ہیں۔ قابض فوج مقبوضہ فلسطین کے شہریوں کو انسانی ڈھال کے طورپر استعمال کرتی رہی ہے۔2006ء میں لبنان پرحملے کے دوران بھی قابض فوج نے اس علاقے میں جنگی مشقیں کیں بعدازاں اس حزب اللہ کے حملوں سے بچنے کے لیے قابض فوج نے 1948ء کے مقبوضہ فلسطین کے شہریوں کو انسانی ڈھال کے طور پراستعمال کیا۔ بیان میں کہاگیا ہے کہ اسرائیلی فوج کی مشقوں سے علاقے میں خوف وہراس کی فضا پیدا ہوگئی ہے، قابض فوج کا یہ اقدام شہریوں آزادیوں کی سنگین خلاف ورزی ہے۔