مرکزاطلاعات فلسطین کےمطابق "پی ایل او” کی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن واصل ابو یوسف نے غیرملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ رام اللہ میں سوموار کی شام ایوان صدرمیں ہونے والے اجلاس کے بعد قومی حکومت کی تشکیل کے لیے مشاورت کاعمل شروع کردیا گیا ہے۔ اجلاس میں طے کیا گیا ہے کہ نئی قومی حکومت ایک ہفتے کے اندر تشکیل دے دی جائے گی۔ اس میں مختلف سیاسی جماعتوں کے ارکان کے ساتھ ٹیکنو کریٹس کو بھی شامل کیا جائے گا۔
قبل ازیں سوموار کے روز فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس کی زیرصدارت اجلاس میں سبکدوش ہونے والے وزیراعظم رامی الحمد اللہ نے بھی شرکت کی۔ اس موقع پر ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو حماس اور اسلامی جہاد سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے قومی حکومت کی تشکیل کے حوالے سے بات چیت کرے گی۔
خیال رہے کہ حماس اور اسلامی جہاد سمیت ملک کی بیشتر نمائندہ جماعتوں نے تمام جماعتوں پر مشتمل قومی حکومت قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
اس سے قبل حماس اور تحریک فتح نے 23 اپریل 2014 ء کو مذاکرات کے بعد قومی حکومت کی تشکیل سے اتفاق کیا تھا تاہم یہ حکومت ایک سال اور دوماہ تک قائم رہی جس کے بعد فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس رامی الحمد للہ کی زیرقیادت قومی حکومت کو برطرف کرکے نئی کابینہ تشکیل دینے کا اعلان کیا تھا۔