(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین پر قابض صیہونی ریاست اسرائیل کے خلاف برسرپیکاراسلامی تحریک مزاحمت’حماس’ نے الزام عاید کیا ہے کہ فلسطینی اتھارٹی نے غرب اردن کے علاقے سے پانچ سگے بھائیوں سمیت سات فلسطینیوں کو حراست میں لیاہے۔
حماس کی جانب سے جاری بیان میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ فلسطینی پولیس نے غرب اردن کے جنوبی شہرالخلیل میں ایک کارروائی کے دوران پانچ سگے بھائیوں کو حراست میں لیا ہے گرفتارکئے گئے افراد میں بعض حالیہ ہی اسرائیل کی غیر قانونی انتظامی قید کی پالیسی کے تحت قید کاٹ کررہا ہوئے تھے ۔
فلسطینی اتھارٹی کی پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے والوں کی شناخت حمزہ المعتز باللہ، المنتصر باللہ، المجاھد باللہ اور المعتصم باللہ الجیاوی کے ناموں سے کی گئی ہے۔
اس کے علاوہ عباس ملیشیا نے غرب اردن میں تلاشی کے دوران دو سابق اسیران محمد رمضان کو نابلس سے جبکہ ایک دوسرے فلسطینی ثائر ابو سندس کو الخلیل سے حراست میں لے لیا۔خیال رہے کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں صیہونی فوج کے علاوہ رام اللہ اتھارٹی کے ہاتھوں فلسطینیوں کی گرفتاریاں روز کا معمول بن چکی ہیں۔