(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسماعیل ھنیہ نے کہا کہ ہم اس وقت کئی محاذوں پر لڑ رہے ہیں۔ فلسطینی قیدیوں کی رہائی حماس سمیت تمام فلسطینی قوتوں کے ایجنڈے میں اولین ترجیح ہے۔
86 روز سے صیہونی زندان میں انتظامی حراست کی غیر قانونی پالیسی کے خلاف بطور بھوک ہڑتال کرنےوالے فلسطینی ماہر الاخرس کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں اسلامی تحریک مزاحمت ‘حماس’ کے سیاسی شعبے کے سربراہ اسماعیل ھنیہ نے ماہر الاخرس کی استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انھوں نے دشمن کے سامنے نہ جھک کر اس کے غرور کو خاک میں ملا دیا ہے، ہم سب اس جنگ اور آزمائش میں آپ کے ساتھ ہیں۔ آپ جلد ہی دشمن کی قید کی بیڑیوں سے آزاد ہو کر اپنے گھر اور اہلخانہ میں پہنچیں گے۔
ویڈیو پیغام میں انھوں نے ہم وطنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی جماعت قوم اور اسیران کو معاہدہ احرار کی طرز پر ایک اور ایسے ہی باوقار معاہدے کی خوش خبری سنانے کی تیاری کر رہی ہے، فلسطینی قیدیوں کی رہائی حماس سمیت تمام فلسطینی قوتوں کے ایجنڈے میں اولین ترجیح ہے۔ قوم جلد ہی صہیونی دشمن کی قید میں موجود فلسطینیوں کی رہائی کی خوش خبری سنے گی۔