غزہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) گذشتہ روز اسرائیل کی بدنام زمانہ جیل ’’جزیرہ النقب‘‘ میں اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملہ کرنے والے دو فلسطینی قیدیوں کو اسرائیلی فوج نے گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا جس کے بعد دونوں کو تشویش ناک حالت میں بئر سبع کے ’’سوروکا‘‘ اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی اسیران اسٹڈی سینٹر کے ترجمان ریاض الاشقر نے بتایا کہ جزیرہ النقب کی صحرائی جیل میں قید جنین کے علاقے مثلث الشھداء کے 37 سالہ اسلام یسری وشاحی اور بیت لحم کے 30 سالہ عدی عادل ابراہیم سالم نے دو اسرائیلی فوجیوں پر چاقو سے حملہ کر کے انہیں زخمی میں کر دیا۔ اس کارروائی کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے ان پر فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں دونوں شدید زخمی ہوگئے۔
اسیر وشاحی 12 جنوری 2002ء سے پابند سلاسل ہے اور اسے 18سال کی عمر میں حراست میں لیا گیا تھا جب کہ عدی سالم کو اسرائیلی فوج نے 9 مئی 2011ء کو حراست میں لیا تھا اور اسے پندرہ سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔