فلسطین قانون ساز کونسل کے رکن اور اس کے نائب سپیکر اول ڈاکٹر احمد بحر نے کہا ہے کہ صہیونیت فلسطینی عوام کی واحد دشمن ہے اور فلسطینی قوم کو یہودیت سے بطور مذہب کوئی دشمن نہیں ہے-
احمد بحر نے ان خیالات کا اظہار ’’لائف لائن-2 کارواں کے استقبال کے موقع پر کیا- اس کارواں کی قیادت برطانوی رکن پارلیمان جارج گیلووے کررہے ہیں اور یہ کارواں فلسطینی عوام تک انسانی ہمدردی کے ناطے ضروری سازوسامان پہنچا رہا ہے- احمد بحر نے شرکاء سے کہا کہ میں آپ سب کا غزہ کی سرزمین پر استقبال کرتا ہوں کیونکہ آپ لوگ اپنے ہمراہ ان مصیبت زدہ لوگوں کے لیے ریلیف کا کچھ سامان انسانی ہمدردی کی بناء پر لے کر آئے ہیں جو گزشتہ تین برس سے محاصرے کا مقابلہ کررہے ہیں- انہوں نے مزید کہا کہ مسلم فلسطینی عوام کی صہیونی مذہب کے ساتھ کوئی دشمنی نہیں ہے بلکہ ان لوگوں کے ساتھ دشمنی ہے کہ جنہوں نے ان کی سرزمین چھین لی ہے اور لاکھوں لوگوں کو دیگر علاقوں میں تتر بتر کردیا ہے اور ان کے بنیادی حقوق کی نفی کردی ہے- انہوں نے کہا کہ ہمارا اصل دشمن وہ ہے جس نے غزہ کی پٹی پر جنگ مسلط کر کے پندرہ سو فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے اور پانچ ہزار کو زخمی کیا ہے- احمد بحر نے کارواں کے شرکاء کو بتایا کہ گزشتہ جنوری میں اسرائیل نے غزہ کو تباہ و برباد کرکے رکھ دیا-بعد ازاں کارواں کے اراکین کو اسرائیلی جنگ کے نتیجے میں پہنچنے والے نقصان زدہ مقامات کا دورہ کرایا گیا- کارواں کے افراد کو بتایا گیا کہ فلسطین قانون ساز کونسل کے چالیس اراکین کو بھی صرف اس لیے گرفتار رکھا گیا ہے تاکہ فلسطینی جمہوری پٹری پر چڑھ نہ سکیں- 150 سے زائد افراد پر مشتمل اس کارواں کا آغاز امریکہ سے ہوا تھا اور یہ رفح راہداری کے ذریعے غزہ میں داخل ہوا- ان کے ساتھ ریلیف کا سامان بھی موجود ہے اور انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ غزہ کی پٹی کا محاصرہ ختم کرانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں-
مرکزاطلاعات فلسطین