فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں جمعرات کے روز اسرائیلی فوج کی وحشیانہ کارروائی میں شہید ہونے والے فلسطینی نوجوان خالد محمود جوابرہ کو ہزاروں سوگواروں کی موجودگی میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق محمود جوابرہ کو صہیونی فوجیوں نے جمعرات کی شام العروب کیمپ میں گولیاں مار کر شہید کردیا۔ گذشتہ شام شہید کی نماز جنازہ العروب کیمپ میں ادا کی گئی جہاں ہزاروں شہریوں نے شہید کا آخری دیدار کیا۔ قابض صہیونی فوجیوں نے شہید فلسطینی نماز جنازہ کے جلوس میں شرکت کرنے والے فلسطینی شہریوں پر آنسو گیس کی شیلنگ کی، جس کے نتیجے میں تعدد افراد دم گھٹنے سے متاثر ہوئے ہیں۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ شہید کی نماز جنازہ العروب کیمپ میں جامع مسجد عمر بن خطاب کے گراؤنڈ میں ادا کی گئی۔ نماز جنازہ العروب کیمپ اور الخلیل شہر سمیت متعدد دوسرے علاقوں سے بھی فلسطینیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
نماز جنازہ کی تدفین سے قبل قبرستان لے جاتے ہوئے شہید کے ہمراہ ہزاروں شہریوں نے اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے خلاف اور فلسطینیوں کے درمیان باہمی اتحاد و یگانگت کے حق میں نعرے بازی کی۔