فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں بدھ کے روز فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپوں کے نتیجے میں کم سے کم دو یہودی فوجی اور متعدد فلسطینی زخمی ہوگئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ بدھ کو الخلیل شہر کے جنوب میں واقع الفوار پناہ گزین کیمپ کے داخلی راستے پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔ فلسطینی شہریوں نے صہیونی فوجیوں پر سنگ باری کی جب کہ صہیونی فوجیوں نے شہریوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کے ساتھ ساتھ دھاتی گولیوں اور صوتی بموں سے نشانہ بنایا۔ فلسطینیوں کی سنگ باری سے دو یہودی فوجی زخمی ہوئےہیں۔عینی شاہدین نے بتایا کہ الخلیل میں صنوبرکیمپ میں بھی فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوجیوں میں جھڑپیں ہوئی ہیں۔ صنوبر میں فلسطینی شہریوں کی جانب سے اسرائیلی فوج کے ایک کنٹرول ٹاور پربھی سنگ باری کی گئی جس میں کنٹرول ٹاور کو بھی نقصان پہنچا ہے۔
الخلیل کے شمال میں العروب پناہ گزین کیمپ میں بھی فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان تصادم کی اطلاعات ہیں۔
نامہ نگار نے بتایا العروب کیمپ میں کئی گھنٹے تک فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری رہا۔ صہیونی فوجیوں نے فلسطینیوں پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جب کہ فلسطینیوں نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے یہودی فوجیوں پر پتھراؤ کیا۔ پتھراؤ کے نتیجے میں اسرائیلی فوجیوں کی گاڑیوں کو نقصان پہنچا ہے۔اسرائیلی فوجیوں نے گھر گھر تلاشی کی کارروائیاں کیں اور گھروں میں قیمتی سامان کی توڑپھوڑ اور لوٹ مارکے ساتھ متعدد شہریوں کو حراست میں لے لیا۔