(روزنامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ )فلسطین میں آرتھوڈوکس چرچ کے بشپ اور سرکردہ عیسائی رہنما عطا اللہ حنا نے فلسطینی عوام کی مستقل مزاجی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ غزہ پٹی میں تمام تر رکاوٹوں کے باوجود حق واپسی ریلیوں کا مسلسل انعقاد فلسطینی قوم کے دیرینہ اصولوں پرثابت قدمی کا ٹھوس ثبوت ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایک ریڈیو بیان میں فلسطینی پادری عطا اللہ حنا کا کہنا ہے کہ حق واپسی ریلیوں کا انعقاد اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطینی قوم اپنے دیرینہ حقوق اور مطالبات کی منظوری کے لیےڈٹی ہوئی ہے۔اسرائیل کو یہ بات ذہن نشین رکھنی چاہیے کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ فلسطینی شہریوں کے حقوق ختم نہیں ہو سکتے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ غزہ میں حق واپسی مظاہرے فرزندان عرب اقوام، عرب ممالک، زندہ ضمیر انسانیت، مشرق ومغرب میں پھیلے انسان دوست سب کے لیے پیغام ہے کہ فلسطینی قوم اپنے حقوق پرکوئی سودے بازی نہیں کرے گی۔
بشپ عطا اللہ حنا کا یہ بھی کہنا تھا کہ اسرائیلی حکام عیساویہ کے فلسطینی باشندوں کو ان کے گھروں سے نکال باہر کرنا چاہتے ہیں لیکن وہ کبھی بھی اپنے ناپاک ارادوں میں کامیاب نہیں ہونگے ۔