رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی اتھارٹی کے سربراہ محمود عباس نے القدس میں فلسطینیوں کی وقف شدہ جائیدادیں اسرائیلیوں کو دینے کے جرم میں عمر قید کی سزا پانے والے مجرم کو رہا کر کے امریکا کے حوالے کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق اسرائیل کے عبرانی ٹی وی چینل ’’کے اے این‘‘ کی رپورٹ میں فلسطینی اتھارٹی اور امریکا کے درمیان عصام عقل کی امریکا حوالگی کی خفیہ ڈیل کی گئی تھی جس کے نتیجے میں عصام عقل کی رہائی عمل میں لائی گئی ہے۔
خیال رہے کہ عصام عقل کے پاس فلسطینی اتھارٹی، اسرائیل اور امریکا بھی شہریت ہے۔ اس پر الزام ہے کہ وہ خفیہ طور پر القدس کی املاک صیہونیوں کو فروخت کرنے کا مرتکب ہوا ہے۔ اس الزام میں عصام کو فلسطینی اتھارٹی کی عدالت سے عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔
امریکا نے فلسطینی اتھارٹی سے مطالبہ کیا تھا کہ القدس میں فلسطینی جائیدادیں صیہونیوں کو فروخت کرنے کے الزام میں سزا پانے والے عصام العقل کو فوری طور پر رہا کر کے امریکا کے حوالے کرے۔