(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) رام اللہ میں فلسطینی اتھارٹی کے حکام نے اسرائیلی حکام کے ساتھ ایک اجلاس میں شرکت کی جس کے بعد سیکیورٹی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
صیہونی فوج کے ریڈیو کے مطابق گزشتہ جمعرات کو مقبوضہ بیت المقدس کے شہر رام اللہ میں صیہونی حکومت کے رابطہ افسر کمیل ابو رکن کی سربراہی میں اسرائیل کے سیکیورٹی حکام کے وفد نے فلسطینی اتھارٹی کے وزیر برائے مذہبی امورحسین الشیخ کی سربراہی میں فلسطینی اتھارٹی کے وفد سے اہم ملاقات کی جس میں صیہونی ریاست اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان سول اور سیکیورٹی امور سے متعلق باہمی تعاون بحال کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور یوں اسرائیل اور فلسطینی اتھارٹی کے درمیان ملاقاتوں کا سلسلہ جو خلیجی ریاست متحدہ عرب امارات کی جانب سے اسرائیل کو بطور ریاست تسلیم کرنے پر معطل ہوچکا تھا ایک بار پھر جاری ہوگیا ۔
خیال رہے کہ گذشتہ منگل کو فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی تعاون کی بحالی کا اعلان کیا تھا۔ فلسطینی اتھارٹی نے چھ ماہ قبل صہیونی ریاست کے ساتھ سیکیورٹی کوآرڈینیشن سمیت دیگر تمام نوعیت کے تعلقات عارضی طورپر توڑ دیے تھے۔
اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی تعاون اور روابط کی بحال پر فلسطینی قوتوں کی طرف سے رام اللہ اتھارٹی کوکڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا ہے اور اس اقدام کو فلسطینی قوم کی پیٹھ میں خںجر گھونپنے کے مترادف قرار دیا ہے۔