اسرائیلی وزیردفاع ایہود باراک نے فلسطینی صدر محمود عباس کے زیرکمانڈ سیکیورٹی فورسز مغربی کنارے میں اسرائیل نواز کارروائیوں کی تحسین کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کے تعاقب میں اسرائیلی فوج کے ساتھ عباس ملیشیا نے قابل قدر خدمات انجام دی ہیں۔
اسرائیلی فوجی ریڈیوسے بات کرتے ہوئے ایہود باراک نے کہا کہ فلسطینی اتھارٹی کی فورسز اور اسرائیلی فوج کے درمیان مغربی کنارے میں کارروائیوں کے لیے مکمل ہم آہنگی موجود ہے۔ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں عباس ملیشیا کی مزاحمت کاروں کے خلاف کارروائیوں سے علاقے میں سکون پایا جا رہا ہے۔
ایک سوال کےجواب میں اسرائیلی وزیردفاع کا کہنا تھا کہ مغربی کنارے میں فلسطینی فورسزاوراسرائیلی فوج کی مشترکہ کارروائیوں کے نتیجے میں مزاحمت کاروں کو سخت پسپائی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ حماس اور اسلامی جہاد جیسی جنگجو تنظیموں نے مغربی کنارے کے بجائے اپنی تمام تر توجہ غزہ کی پٹی پر مرکوز کر دی ہے۔
فلسطینی اتھارٹی اور اسرائیل کے مابین امن مذاکرات کی بحالی کو انہوں نے قابل ستائش اقدام قرار دیا۔ ایہود باراک کا کہنا تھا کہ اگرچہ فریقین کے درمیان منگل کے روز سے اردن کی میزبانی میں ہونے والے مذاکرات فوری نتیجہ خیز نہیں ہوں گے تاہم ان ملاقاتوں سےمستقبل کا لائحہ عمل تیار کرنے میں ضرور مدد ملے گی۔