رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے مختلف شہروں میں فلسطینی اتھارٹی کے ماتحت سیکیورٹی اداروں نے گھر گھر تلاشی کے دوران اسلامی تحریک مزاحمت (حماس) کے کم سے کم 28 کارکنوں اور رہنماؤں کو حراست میں لے لیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق حماس کے شعبہ اطلاعات ونشریات کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ عباس ملیشیا نے گھر گھر تلاشی کے دوران الخلیل شہر سے 8 جنین سے 4، طولکرم سے 3، قلقیلیہ سے 2، نابلس سے 2، سلفیت سے 2، اور بیت لحم اور رام اللہ سے ایک ایک فلسطینی کو حراست میں لیا گیا۔
طولکرم شہر سے فلسطینی پارلیمنٹ کے رکن فتحی القرعاوی نے کہا کہ عباس ملیشیا کے ہاتھوں حماس کے کارکنوں کی گرفتاریوں کا محرک سیاسی ہے اور فلسطینی اتھارٹی ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت غرب اردن میں سیاسی امن کو تباہ کر رہی ہے۔
القرعاوی نے خبردارکیا کہ غرب اردن میں عباس ملیشیا کی طرف سے کریک ڈاؤن شہریوں کی گرفتاری اور کریک ڈاؤن سے علاقے میں سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہوگیا۔