مقامی اطلاعات کے مطابق جمعرات کو علی الصباح اسرائیلی فوج کی بھاری نفری نے طولکرم کے تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کی اور شہریوں کو گھروں سے نکلنے سےروک دیا گیا۔ بعد ازاں صہیونی فوجیوں نے شہر میں بڑے پیمانے پر کریک ڈائون شروع کیا اور گھر گھر تلاشی کی کارروائیوں میں متعدد افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوجیوں نے جمعرات کو طولکرم کے کازیہ حسونہ روڈ، چوک اکتابا، پولیس ڈاریکٹوریٹ روڈ، نور الشمس روڈ، الشعراویہ، الجعرون روڈ، شاہراہ شویہ اور دیگر تمام داخلی اور خارجی راستوں کی ناکہ بندی کردی جس کے نتیجے میں شہری گھروں میں محصور ہو کررہ گئے۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ صہیونی فوج کے وحشیانہ کریک ڈائون کے خلاف فلسطینیوں نے گھروں سے باہر نکل کراحتجاج کی کوشش کی مگرقابض فوجیوں نے ان پر گولیاں چلائیں اور آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔