(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) گرائے گئے ڈرون سے حاصل دستاویزات سے پتہ چلتا ہے کہ غاصب صیہونی دشمن نے ابتداء سے ہی غزہ کو مکمل تباہ کرنے کی پالیسی اختیار کر رکھی تھی۔
قطر کے نشریاتی ادارے الجزیرہ نے مزاحمت کاروں کے ہاتھوں گرائے جانے والے صیہونی فوج کے ڈرون سے لی گئی تصاویر حاصل کی ہیں جس میں دکھایا گیا ہے کہ غاصب صیہونی افواج غزہ کے شمال مغرب میں واقع علاقے التوام میں عمارتوں کو دھماکے سے اڑا رہی ہے۔
غزہ میں سرکاری دفترکے مطابق قابض اسرائیلی فوج نے دوہفتوں سے زائد عرصے میں سینکڑوں مکانات اور رہائشی عمارتوں کو اڑا دیا۔
خاص طور پر جبالیہ شمالی غزہ کی پٹی کے علاقوں بئر النعجہ، العطاطرہ، اور الصفطاوی اور توام میں عمارتوں کو دھماکوں سے اڑاتے دکھایا گیا ہے۔
یہ تباہی خوفناک قتل عام کے تسلسل اور شہریوں کو نشانہ بنانے کے ساتھ ساتھ صحت کے شعبے کو منظم طریقے سے نشانہ بنانے اورتمام ہسپتالوں کو تباہ کرنے کیے دوران پیش آئی ہے۔
قابض اسرائیلی فوج کا مقصد شمالی غزہ کی پٹی میں شہری بلاک کو تباہ کرنا، اسے آبادی سے خالی کرنا اور غزہ کی پٹی کو زندگی کے لیے غیر موزوں علاقے میں تبدیل کرنا ہے۔