(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) محصور شہر غزہ کے مشرقی علاقے رفح میں تیز ہواؤں کے باعث کرین گرنے سے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج کے گولانی بریگیڈ 188 سے تعلق رکھنے والے دو فوجی ہلاک ہوگئے جبکہ آٹھ دیگر زخمی ہوگئے جس میں سے ایک کی حالت تشویشناک ہے۔
صیہونی فوج کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ بیان میں اعتراف کیا گیا ہے کہ گزشتہ رات فوجی نداف کوہین اور فوجی نحمان رافائیل اس حادثے میں ہلاک ہو گئے، جب کہ آٹھ دیگر زخمی ہوئے۔
حادثے کے بعد صیہونی فوج نے غزہ میں جب تک کہ تحقیقات مکمل نہیں ہو جاتیں اور موسم بہتر نہیں ہو جاتا،تمام کرینوں کو کام کرنا بند کر دیا ہے اور نیتزارم اور فلاڈلفیا کے راستوں پر بھی کرینوں کا استعمال روک دیا ہے، فوج کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ حادثہ خاص طور پر تیز اور اچانک ہواؤں کی وجہ سے ہوا تھا۔ابتدائی تفصیلات کے مطابق، جو کرین گر گئی تھی، وہ دراصل ایک پلیٹ فارم تھا جسے فوج نے غزہ میں جنگ کے آغاز سے ہی نگرانی کے آلات جیسے کیمروں اور ریڈارز کو اٹھانے کے لیے کثرت سے استعمال کیا تھا۔