(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) غاصب صیہونی فوج نے 24 گھنٹوں میں 95 خواتین اور 88 بچوں کو شہید کیا جبکہ دواسپتالوں کو بمباری کرکے مکمل طورپر تباہ کیا۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ سات اکتوبر سے آج تک مقبوضہ فلسطین کے محصور شہر غزہ پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی جانب سے جاری وحشیانہ بمباری میں اب تک شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 10 ہزار 812 ہوگئی ہے۔شہید ہونے والوں میں چار ہزر چار سو بارہ بچے اور دو ہزار نو سو اٹھارہ خواتین شامل ہیں۔
بیان میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی جارحیت سے مزید 243 فلسطینی شہید ہوئے، جس میں 95 خواتین اور 88 بچے شامل ہیں ، غاصب افواج کی دہشتگردانہ کارروائیوں میں 26 ہزارسے زائد فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں ۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی فوج کی جانب سے طبی عملے کو ہدف بنانے کا سلسلہ تیز کر دیا گیا ہے۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ مزید 2 اسپتال بند ہوچکے ہیں جس کے بعد مجموعی تعداد 18 ہوگئی ہے۔ ترجمان کے مطابق غزہ کے 9 لاکھ رہائشی ادویات، پناہ گاہ یا تحفظ کے بغیر زندہ رہنے پر مجبور ہیں۔