فلسطینی سیاسی اور مزاحمتی تنظیم”اسلامی جہاد” کے عسکری بازو”القدس بریگیڈ” نے اسرائیل کو خبردار کیا ہے کہ وہ غزہ کی پٹی پر جنگ مسلط کرنے کی حماقت نہ کرے۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ اسرائیل نے غزہ کی پٹی پر حملہ کیا تو اسرائیلی زیرتسلط تمام شہروں میں صہیہونی مفادات پر حملے کیے جائیں گے۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق القدس بریگیڈ کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل باربار غزہ کی پٹی پر وحشیانہ جنگ مسلط کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔ ہم ان دھمکیوں کو سنجیدہ سمجھتے ہیں تاہم ساتھ ہی صہیونی فوج اور حکومت کو بھی خبردار کرتے ہیں کہ غزہ پر حملہ قابض فوج کو مہنگا پڑے گا۔ اسرائیل فلسطینی شہرغزہ پر حملہ کرے اور مجاہدین نام نہاد صہیونی ریاست کے تمام شہروں میں گھس کر کارروائیاں کریںگے۔
بیان میں کہا گیا کہ فلسطینی مزاحمت کاروں کے پاس ایسے راکٹ بھی موجود ہیں جنہیں فی الحال دشمن کے اہداف پر نہیں داغا گیا۔ غزہ کی پٹی پراسرائیلی فوج کشی کی صورت میں ہم اسرائیل کے تمام شہروں پر راکٹ باری کریں گے۔
القدس بریگیڈ نے واضح کیا کہ مجاہدین کے پاس موجود راکٹوں سے بئر سبع، اسدود، کریات، ملاخی، اور گان یفنی جیسے شہروں پر گراڈ راکٹوں سے حملے کیے جائیں گے۔
ادھر القدس بریگیڈ کے ترجمان نے بھی واضح کیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ کی پٹی پر جارحیت مسلط کرنے کے اشارے نہایت خطرناک ہیں۔ اسرائیل ایک مرتبہ پھر فلسطینیوں کا خون بہانا چاہتا ہے۔ تاہم اب کی بار جنگ اسرائیل کو بہت مہنگی پڑے گی۔ ہم اپنی جانوں کی قربانیاں دینے سے نہیں ڈرتے لیکن دشمن کو بھی نہ بھولنے والا سبق سکھائیں گے۔