عید الاضحی کی شب جنوبی غزہ کی پٹی میں مشرقی خانیونس کی بلدیہ القرارہ پر اسرائیلی جنگی طیاروں کی بمباری سے ایک فلسطینی شہید جبکہ تین دوسرے زخمی ہو گئے۔ بمباری کے بعد علاقہ بھاری ہتھیاروں کی گھن گرج سے لرز اٹھا جبکہ روشنی کے گولوں سے علاقے کا آسمان بعقہ نوربن گیا۔
مرکز اطلاعات فلسطین کے نامہ نگار نے اپنے مراسلے میں بتایا کہ ہفتے کو رات گئے اسرائیلی جنگی جہازوں نے سرایا القدس کے ایک جتھے کو دو میزائلوں سے نشانہ بنایا۔ بمباری کے ساتھ ہی مشرقی خانیونس کی بلدیہ القرارہ میں واقع الغوافیر کالونی کی جانب بھاری اسلحےکی فائرنگ کی آوازیں بھی سنائی دیتی رہیں۔
نامہ نگار کے مطابق گولا باری سے سرایا القدس کے بائیس سالہ عبداللہ عید مھنا شہید جبکہ ان کے تین دیگر ساتھی زخمی ہو گئے۔ اہل علاقہ جس وقت زخمیوں کو نکالنے میں مصروف تھے،عین اس وقت اسرائیلی فوج نے متاثرہ علاقے پر بمباری کی۔
واقعے کے بعد ایمبولینسز بمباری کا ہدف بننے والے علاقے کی جانب جاتی دیکھی گئیں، جنہوں نے شہید اور زخمی ہونے والے نوجوانوں کو خانیونس کے ناصر ہسپتال منتقل کیا۔ دوسرے زخمیوں کی تلاش کی خاطر علاقے میں امدادی آپریشن جاری ہے۔
اسرائیلی میڈیا کو اپنے ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ گذشتہ رات غزہ سے داغے جانے والا ایک راکٹ اسرائیلی علاقے عسقلان میں گرا، جس سے کسی قسم کے جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔