(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ میں غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی دہشتگردی کے آج 466 دن مکمل ہوگئے ہیں، لیکن اسرائیلی بربریت بلا تعطل جاری ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران وحشیانہ بمباری میں خواتین اور بچوں سمیت مزید 50 فلسطینی شہید اور 250 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں۔
غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی طیاروں اور توپ خانے کی بمباری کے نتیجے میں 5 شہداء اور متعدد زخمی ہوئے، جن میں دیرہ بلح کے بے گھر افراد کی خیمہ بستی اور خان یونس کے علاقے میں ہونے والے حملے بھی شامل ہیں جس میں متعدد افراد شہید ہوئے۔ غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے شمالی غزہ میں جبالیہ کیمپ میں بھی تباہی مچائی۔
اسی دوران، غزہ کے شمالی علاقے میں سول ڈیفنس کی ٹیموں کو 82 دن سے مسلسل کام کرنے سے روکا جا رہا ہے، جس کے باعث فلسطینیوں کو ضروری امداد اور طبی سہولتیں نہیں مل پا رہیں۔ غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شہداء کی تعداد 46,584 تک پہنچ چکی ہے، جبکہ زخمیوں کی تعداد 109,731 ہو چکی ہے۔