- (روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ)فلسطین کی سرکاری نیوز ایجنسی وفا کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے بیت لاھیہ میں بے گھر خاندانوں کو پناہ دینے والی پانچ منزلہ رہائشی عمارت پر صیہونی فورسز نے میزائلوں سے حملہ کیا جس کے نیتجےمیں خواتین اور بچوں سمیت 109 فلسطینی شہید اور درجنوں زخمی ہوگئےجبکہ غزہ کے دیگر علاقوں میں بھی وحشیانہ بمباری جاری رکھی جس میں 6 فلسطینی شہید ہوئے ۔
فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کےمطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیلی دہشتگرد ی میں خواتین اور بچوں سمیت 115 فلسطینی شہید اور 500 سے زائد زخمی ہوگئے ہیں ۔
ذرائع نےبتایا کہ شمالی غزہ میں واحد اسپتال کمال عدوان میں زخمیوں کے علاج کے لئے صرف ایک ڈاکٹر موجود ہے جو ہزاروں زخمیوں کا علاج کرنے میں ناکام ہے ۔
اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ پر جاری اسرائیلی حملوں میں شہید فلسطینیوں کی تعداد 43 ہزار 61 ہوگئی ہے جن میں 16ہزار سے زائد بچے اور 12 ہزار سے زائد خواتین شامل ہیں