فلسطینی مزاحمتی تنظیم ’’قومی مزاحمتی کمیٹیز‘‘ کے عسکری ونگ ناصر صلاح الدین بریگیڈ نے غزہ کی پٹی میں کام کرنے والے اسرائیلی ایجنٹوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمعہ کی شب بریگیڈ کے رہنما ابو یاسر پر حملہ کرنے والوں کو سبق ضرور سکھایا جائے گا۔
بریگیڈ کے میڈیا کو آرڈینیٹر ابو عطایا کا کہنا تھا کہ بریگیڈ عنقریب غزہ کی پٹی کے وسطی علاقے البریج کیمپ میں رہنما ایمن الششنیہ کی کار کو دھماکہ خیز مواد سے اڑانے والے اسرائیلی ایجنٹوں سے نمٹ لے گی۔ انہوں نے کہا کہ بریگیڈ اور غزہ کی حکومت نے اس کارروائی کے ذمہ داروں کی تلاش شروع کر دی ہے اور عنقریب صہیونی مقاصد کے لیے استعمال ہونے والے ان عناصر کے گرد گھیرا تنگ کردیا جائے گا۔
ابوعطایا نے واضح کیا کہ ابو یاسر کو شہید کرنے کی حالیہ کوشش سے ثابت ہو گیا کہ اسرائیل غزہ کی پٹی کے فلسطینی رہنماؤں کو ہدف بنانے کی اپنی پالیسی پر گامزن ہے۔