(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی میڈیا نے انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں تمام فوجی اہداف حاصل کرلئے گئے ہیں اس لئے فوجی سرگرمیوں کو ختم کردیا گیا ہے تاہم نئی انٹیلی جنس معلومات کی دستیابی کی صورت میں غزہ واپسی ہو سکتی ہے۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے عبرانی نیوز چینل 13 نے صیہونی فوج میں سینئر ذمہ داران کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی سرگرمیاں ختم ہو گئی ہیں ، تاہم نئی انٹیلی جنس معلومات کی دستیابی کی صورت میں غزہ واپسی ہو سکتی ہے۔
صیہونی میڈیا نے اسرائیلی فوجی ذمہ داران کا دعویٰ جاری کیا ہے جس میں ان کا کہنا ہے کہ حماس کے زیادہ تر جنگجو یونٹوں کو ختم کیا جاچکا ہے اسرائیل نے غزہ میں اپنے تمام فوجی اہداف حاصل کرلئے ہیں اور یہ حماس کے پاس یرغمال افراد کی رہائی کا معاہدہ کرنے کا بہترین وقت ہے ۔
یہ دعویٰ اس وقت کیا جارہا ہے جب آج صبح غزہ سے غاصب صیہونی ریاست میں متعدد راکٹ حملے کئے گئے ہیں ، اسرائیل گذشتہ 9 ماہ سے غزہ میں وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے جس کے نیتجے میں اب تک 40 ہزار سے زائد فلسطینی شہری شہید ہوچکے ہیں جس میں 70 فیصد بچے اور خواتین شامل ہیں ۔
اسرائیل کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے غزہ میں تمام فوجی اہداف حاصل کرلئے ہیں لیکن حماس نے آج بھی صیہونی ریاست پر غزہ سے متعدد راکٹ حملے کئے جس سے واضح ہوتا ہے کہ صیہونی ریاست غزہ میں اپنے ایک بھی ہدف حاصل کرنے میں مکمل ناکام رہی ہے تاہم اس نے نہتے شہریوں کے قتل عام میں بربریت اور دہشتگردی میں اپنا منفرد مقام بنا لیا ہے۔