(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) القدس بریگیڈ کا کہنا ہے کہ اس نے غزہ میں فلوجا میں ایک مکان کودھماکہ سے تباہ کردیا جس میں 20 سے زائد صیہونی فوجی موجود تھے۔
فلسطین پر قابض غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے مظالم کے خلاف برسرپیکار اسلامی جہاد کے عسکری ونگ اور اسلامی مزاحمتی تحریک حماس کے عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈ نے گذشتہ روز ایک مشترکہ بیان جاری کیا ہے جس میں اعلان کیا ہے کہ ان کے جانبازوں نے غزہ میں صیہونی فوج کو بھاری جانی اور مالی نقصان پہنچایا ہے۔مشترکہ آپریشن میں متعدد اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ غاصب صیہونی فوجیوں کے ساتھ یہ جھڑپ شمالی غزہ کی پٹی میں الفلوجا کے علاقے میں اس وقت ہوئی جب 20 سے زائد صیہونی فوجی ایک گھر میں چھپے ہوئے تھے، مزاحمت کاروں نے مکان کو دھماکے سے اڑا دیا جس سے متعدد فوجی ہلاک اور زخمی ہوئے۔
بریگیڈز نے ایک الگ بیان میں مزید کہا کہ انہوں نے شجاعیہ محور میں ایک پیدل فورس کے ساتھ جھڑپ کے دوران دو اسرائیلی فوجیوں کو ہلاک کیا اور غزہ کے مشرق میں واقع زیتون محور میں ایک اسرائیلی فوجی بردار ٹرک اور ایک ٹینک کو بھی نشانہ بنایا۔