.( روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادادہ) غزہ پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں، گزشتہ 24 گھنٹوں میں غاصب صیہونی افواج کی تازہ کارروائیوں کے دوران 38 فلسطینی شہید اور 203 زخمی ہوئے۔
غزہ کی وزارت صحت نے بتایا کہ اسرائیلی فوج نے ان 24 گھنٹوں میں تین قتل عام کیے، جس میں بڑی تعداد میں شہریوں کی جانیں ضائع ہوئیں۔ یہ تازہ حملے اسرائیلی جارحیت کے آغاز کے بعد سے ہونے والے مسلسل حملوں کا حصہ ہیں، جن میں 7 اکتوبر 2023 کے بعد سے 45,097 شہادتیں اور 107,244 زخمی ہو چکے ہیں۔
یہ حملے اس وقت ہو رہے ہیں جب غزہ میں جنگ اپنے 439ویں دن میں داخل ہو چکی ہے اور جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے شدید مذاکرات جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج کی جارحیت کے نتیجے میں غزہ کے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوا ہے، جبکہ بین الاقوامی سطح پر جنگ بندی کے لیے دباؤ بڑھتا جا رہا ہے۔
.