(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی افواج نے 12 گھنٹوں کے دوران غزہ میں صحافی امجد جحجوح، ان کی اہلیہ، صحافی وفا ابو ضبعان ، صحافی رزق ابو شقکیان ، صحافی سعدی مدوخ اور احمد سکر کو شہید کردیا۔
فلسطینی ذرائع کےمطابق غزہ پر گذشتہ 274 دنوں سے جاری اسرائیلی دہشتگردی اور قتل عام میں مزید پانچ فلسطینی صحافی شہید ہوگئے ہیں ، غاصب افواج نے غزہ کے علاقے النصیرات پر وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رکھا جس میں خواتین اور بچوں سمیت صحافی امجد جحجوح، ان کی اہلیہ، صحافی وفا ابو ضبعان اور صحافی رزق ابو شقکیان شہید ہوگئے ۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ قابض فوج کے طیاروں نے ابو شکیان کے گھر پر بمباری کی جس میں صحافی امجد جحجوح کے خاندان کے بے گھر افراد سمیت متعدد افراد پناہ لیے ہوئے تھے حملے میں دیگر 10 شہری بھی شہید ہوگئے۔
اس سے قبل غاصب صیہونی افواج نے فلسطینی صحافی سعدی مدوخ اور احمد سکر کے گھر پر حملہ کیا جس میں وہ اور ان کے خاندان کے دیگر افراد بھی شہید ہوئے۔ یہ شہادتیں اس وقت ہوئیں جب غزہ شہر کے الدرج محلے میں مدوخ خاندان کے ایک گھر کو نشانہ بنایا گیا۔
فلسطینی کارکنوں نے ایک کلپ شائع کیا جس میں مدوخ خاندان کے گھر کی تباہی اور شہداء اور زخمیوں کی نقل و حمل کو دکھایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ برس سات اکتوبرکے بعد غزہ پرجاری اسرائیلی دہشت گردی میں اب تک 158 فلسطینی صحافی شہید ہوچکے ہیں۔