(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل نے ہفتہ کے روز غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے کے تحت قیدیوں کے پانچویں گروپ کو رہا کیا۔
اسیران اور قیدیوں کے امور کی اتھارٹی اور اسیران کلب کے مطابق، پانچویں گروپ میں 183 قیدی شامل ہیں، جن میں 18 کو عمر قید کی سزا سنائی گئی تھی، 54 کو طویل مدت کی سزائیں دی گئی تھیں، اور 111 وہ ہیں جو 7 اکتوبر 2023 کے بعد غزہ سے گرفتار کیے گئے تھے۔
اسیران کلب کے مطابق، رہا کیے گئے قیدیوں میں 42 کا تعلق مغربی کنارے سے ہے، تین مقبوضہ القدس شہر سے، اور 27 غزہ کی پٹی سے ہیں، جبکہ سات ایسے قیدیوں کو جو عمر قید کاٹ رہے تھے، وطن فلسطین سے جلا وطن کر دیا گیا۔ ان کے نام یہ ہیں: احمد عطیہ ابراہیم الجعافرة، عبدالعظیم عبد الحق موسیٰ حسن، عماد محمود ابراہیم ابو عجمیہ، فلاح دیب راتب شہادہ، منتصر صالح محمد ابو غلیون، منصور قاسم منصور ابو عون، اور یوسف عبد الرحیم عبد المحسن اسکاوی۔
غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فورسز نے "عوفر” جیل کے قریب کے علاقے کو فوجی زون میں تبدیل کر دیا، قیدیوں کے اہل خانہ کے اجتماع کو روکا، اور ان پر گولیوں اور زہریلی آنسو گیس کے شیل فائر کیے۔
سینکڑوں شہری اور قیدیوں کے اہل خانہ صبح سویرے ہی رام اللہ میں محمود درویش میوزیم کے سامنے جمع ہو گئے، جہاں وہ عوفر جیل سے رہا کیے گئے قیدیوں کا استقبال کرنے کے لیے فلسطینی پرچم اٹھائے کھڑے تھے۔
"غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوجی گاڑیاں بیتونیا اور عوفر جیل کے درمیان کے علاقے میں داخل ہو گئیں تاکہ فلسطینی قیدیوں کے اہل خانہ کی کسی بھی جشن کو روکا جا سکے۔”