(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غزہ پر غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے فضائی حملے، متعدد فلسطینی شہید اور زخمی، غزہ کے شہری دفاع کے مطابق، ہفتے کی صبح غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کے فضائی حملوں میں ایک فلسطینی شہید اور تین زخمی ہوئے۔ یہ حملہ غزہ شہر کے الزیتون علاقے میں مسجد الشمعہ کے قریب ایک رہائشی عمارت پر کیا گیا۔ اسی دوران مسجد العمری کے قریب بھی اسرائیلی بمباری سے متعدد فلسطینی زخمی ہوئے۔
دیگر حملوں میں غزہ کے الرمال علاقے میں الزبدہ عمارت کو نشانہ بنایا گیا، جہاں مزید ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے۔ شہری دفاع کے مطابق اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں شمالی غزہ میں امدادی سرگرمیاں 79 روز سے معطل ہیں، اور ہزاروں افراد انسانی اور طبی امداد سے محروم ہیں۔
حکومتی رپورٹ کے مطابق، اسرائیل نے پچھلے 15 ماہ میں 1600 فلسطینی خاندانوں کو مکمل طور پر تباہ کر دیا ہے، جن میں 5612 افراد شہید ہوئے۔ غزہ کے دفتر اطلاعات نے اقوام متحدہ اور عالمی تنظیموں سے اپیل کی ہے کہ وہ شہداء کی اصل تعداد کے اندراج میں مدد کریں اور متاثرہ علاقوں میں امدادی ٹیموں کو کام کرنے کی اجازت دلوائیں تاکہ گرتے انسانی بحران کو روکا جا سکے۔