مقامی فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ غرب اردن کےوسطی شہر رام اللہ میں النبی صالح کےمقام پر فلسطینی شہریوں نے ایک ملٹری کنٹرول ٹاور کو پٹرول بموں سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں ٹاور میں آگ بھڑک اٹھی۔ عینی شاہدین مطابق پٹرول بم حملے میں ٹاور کی عمارت کو غیرمعمولی نقصان پہنچا ہے۔ واقعے کے بعد اسرائیلی فوج نے آگ بجھانے کی کوشش کی۔ اس دوران سرچ آپریشن بھی کیا گیا۔
ادھر مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں فلسطینی نوجوانوں نے العروب پناہ گزین کیمپ کے قریب ایک صہیونی بس پر پٹرول بم پھینکے جس کے نتیجے میں بس کے شیشے ٹوٹ گئے۔ عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ پٹرول بم حملوں کے باعث بس بری طرح متاثر ہوئی ہے۔
درایں اثناء شمالی بیت المقدس میں قلندیا کے مقام پر فلسطینی مزاحمت کاروں نے ایک چیک پوسٹ پر فائرنگ کی جس کے بعد قابض فوج کی بڑی تعداد کو علاقے میں گشت کرتے دیکھا گیا ہے۔
عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ قلندیا کے مقام پر فلسطینی شہریوں اور اسرائیلی فوجیوں کے درمیان کچھ دیر تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے کسی قسم کی جھڑپ کی تردید کی گئی ہے۔ تاہم فلسطینی ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے دو فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔ ان میں ایک لڑکی بتائی جاتی ہے۔ دونوں فلسطینی اسرائیلی فوجیوں سے جھڑپوں کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔
مقامی فلسطینی ذریعے نے زخمی ہونے والی لڑکی کی شناخت فداء شویکی کے نام سے کی ہے جس کے پیٹ میں گولی ماری گئی ہے۔