اسرائیلی فوج نے فلسطین کےمقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں تلاشی کی کارروائیوں کے دوران ایک فلسطینی شہری کو حراست میں لیا اور ساتھ ہی دعویٰ کیا ہے کہ فوج کو مشتبہ فلسطین کے گھر سےخطرناک دھماکہ خیز مواد بھی ملا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ہفتے کی شام اسرائیلی فوج کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ نابلس اور طولکرم شہروں سے بھی دو فلسطینیوں کو پکڑا گیا ہے۔ مبینہ طورپران دونوں کا تعلق بھی شمالی الخلیل کے بیت امرقصبے سےحراست میں لیے گئے فلسطینی کے ساتھ ہوسکتا ہے، جس کے قبضے سے M-4 نامی ایک خطرناک دھماکہ خیز مواد ملا ہے۔
رپورٹ میں بتایا ہے کہ گذشتہ اسرائیلی فوج کی ایلیٹ فورس کی”گیفعاتی” یونٹ کے اہلکاروں نے نابلس میں حوارہ قصبے سے ایک فلسطینی کو حراست میں لیا ہے۔اس کے قبضے سے ایک تیز دھار چاقو بھی قبضے میں لیا گیاہے۔
پولیس نے طولکرم کے مشرقی علاقے شویکہ سے بھی ایک فلسطینی شہری کو گرفتار کیا ہے، جس کے قبضے سے ایک چاقو اور کچھ بارودی مواد ملا ہے۔ گرفتار کیے گئے ان دونوں افرادکا تعلق فلسطینی تنظیم حماس کے ساتھ ہے اور دونوں ایک ہی علاقے سے تعلق رکھتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پولیس کو تلاشی کے دوران الخلیل کے بیت امر قصبے سے دیسی ساختہ بارودی مواد کی بھاری مقدار ملی ہے جسے قبضے میں لے لیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اسرائیلی فوج کی "ماگلان” اور بارڈر فورسز کےاہلکار مشترکہ گشت میں مصروف تھے کہ اس دوران انہیں ایک گھر سے پائپ بموں کی شکل میں تیار کردہ "ایم فور” نامی بارودی مواد ملا ہے۔ دھماکہ خیز مواد زمین میں چھپایا گیا تھا۔ فوج نے فلسطینیوں کو گرفتار کرنے اور دھماکہ خیز مواد ضبط کرنے کے بعد اس کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔