(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) فلسطین فائونڈیشن پاکستان نے ملک بھر میں یوم ولادت با سعادت حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی مناسبت سے ’’ عشق محمدؐ صلی اللہ علیہ وسلم کا تقاضہ فلسطین کی حمایت‘‘ کا اعلان کر دیا ہے۔
فلسطین فاونڈیشن پاکستان کے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ تمام انبیاء علیہم السلام نے انسانیت کی بقاء کی جدوجہد کی ہے ۔ سرور کائنات محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم عالمین کے لئے رحمت بنا کر بھیجے گئے ۔ آج ملت فلسطین دنیا کی سب سے مظلوم قوم ہے اور غاصب صیہونی حکومت اسرائیل امریکہ اور مغربی حکومتوں کی مدد سے فلسطینیوں کی نسل کشی میں مصروف ہے۔
لہذا یہ ہر مسلمان اور خاص طور پر پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے عشق رکھنے والوں کے لئے ضروری ہے کہ وہ فلسطین کے مظلوموں کی حمایت کریں۔ اسی عنوان سے ملک بھر میں ’’عشق محمدصلی اللہ علیہ وسلم کا تقاضہ فلسطین کی حمایت ‘‘مہم کا اعلان کیا گیا ہے ۔
اس مہم کے تحت ملک بھر میں فلسطینی عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارک کے پہلو کو اجاگر کیا جا ئے گا جبکہ ثقافتی پروگراموں کے ساتھ ساتھ عید میلاد النبی صلی اللہ علیہ وسلم کے جلوسوں کے راستوں میں پانی اور شربت کی سبیلیں لگائی جائیں گی ۔اسی طرح فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم سے متعلق تصویری نمائشوں کا انعقاد بھی کیا جائے گا۔