عرب لیگ اور مصر کی سب سے بڑی علمی درسگاہ جامعہ الازھرنے بیت المقدس کے تحفظ کے لیے مشترکہ منصوبہ تیارکیا ہے۔ دونوں اداروں کا کہنا ہے کہ وہ بیت المقدس کو یہودیانے کی سازشوں کا مل کر توڑ کیا جائے گا۔
مرکزاطلاعات فلسطین کے مطابق جمعرات کے روز جامعہ الازھر کے ایک اعلیٰ سطح کے وفد نے عرب لیگ کے مندوب برائے فلسطینی امور محمد صبیح سے ملاقات کی۔ قاہرہ میں ہونے والی اس ملاقات میں جامعہ ازھر کے وفد نے بیت المقدس کو یہودیانے کی سازشوں اور مسجد اقصیٰ کے مراکشی دروازے کو اسرائیلی فوج کی جانب سے بند کیے جانے کے اقدام پر ایک رپورٹ پیش کی۔
رپورٹ میں مقبوضہ بیت المقدس اور فلسطین بھر میں موجود اسلامی اور مسیحی مقدس مقامات کےخلاف صہیونی سازشوں کے بارے میں تفصیلات بتائی گئی تھیں۔
رپورٹ میں فلسطین میں مساجد کےخلاف یہودیوں کی شرانگیز کارروائیوں کی تفصیلات کے بعد خبردار کیا گیا تھا کہ یہودیوں کی اسلام دشمنی پر مبنی پالیسی خطے میں تباہ کا موجب بن سکتی ہے۔
اس موقع پر فلسطینی انتظامیہ کے ساتھ مل کر القدس اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کا بھی اعلان کیا گیا۔ جامعہ ازھر کے وفد اور عرب لیگ کےسفیر نے ایک مشترکہ بیان میں کہا کہ بیت المقدس کے تحفظ کے لیے عالم اسلام کی مدد کے حصول کے لیے مل کر کوششیں کی جائیںگی۔ اس سلسلے میں فریقین نے ایک پلان بھی تیار کر لیا ہے،جس کی روشنی میں بیت المقدس کے تحفظ کی مہم شروع کی جائے گی۔