عالمی مارچ برائے آزادئ القدس (گلوبل مارچ ٹو یروشلم) کے شرکاء ۱۰ مارچ کو واہگہ کے راستے پاکستان پہنچیں گے،ملک بھر میں بھرپور استقبال کیا جائے گا ،تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ۔
مظفر احمد ہاشمی ،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی،علامہ آفتاب حیدر جعفری اور صابر کر بلائی کا مشترکہ بیان
کراچی( )عالمی مارچ برائے آزادئ القدس (گلوبل مارچ ٹو یروشلم) کے شرکاء ۱۰ مارچ کو واہگہ کے راستے پاکستان پہنچیں گے،ملک بھر میں بھرپور استقبال کیا جائے گا ،تمام تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی ۔ان خیالات کا اظہار فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی رہنماؤں مظفر احمد ہاشمی (سابق رکن قومی اسمبلی و رہنما جماعت اسلامی)،علامہ قاضی احمد نورانی صدیقی ( رہنما جمعیت علمائے پاکستان)،علامہ آفتاب حیدر جعفری (رہنما جعفریہ الائنس پاکستان ) اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے ایک مشترکہ اجلاس کے دوران کیا۔
اس موقع پر فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ۱۰ مارچ کو ایشیائی ممالک کا کاروان برائے گلوبل مارچ ٹو یروشلم واہگہ بارڈر سے پاکستان پہنچے گا جہاں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتیں شرکائے کاروانِ آزادئ القدس کا زبردست استقبال کریں گے جبکہ لاہور سے براستہ ملتان اور سکھر ہوتے ہوئے یہ کاروانِ آزادی کراچی پہنچے گا۔
اس موقع پرفلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے مرکزی ترجمان صابر کربلائی نے اپنے حالیہ دورۂ لاہور اور ملتان کی تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور اور ملتان کے وفود نے لاہور میں ڈاکٹر راغب نعیمی سمیت جمعیت علماء پاکستان کے پروفیسر محمد احمد اعوان،مجلس وحدت مسلمین پاکستان صوبہ پنجاب کے سیکرٹری جنرل علامہ عبد الخالق اسدی ،جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا نصیر احرار،جماعت اسلامی ملتان کے نائب امیر ڈاکٹر حفیظ محمد ،تحریک منہاج القرآن ملتان کے امیر میجر (ر) اقبال،مجلس وحدت مسلمین ملتان کے رہنما مولا نا اقتدار نقوی ،جمعیت علماء پاکستان ملتان کے ارشد نیازی سمیت طلباء تنظیموں بشمول اسلامی جمعیت طلبہ ،امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان اور انجمن طلبہ اسلام اور دیگر سے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں جبکہ تمام تنظیموں کے رہنماؤں نے ۱۰ مارچ کو شرکائے عالمی مارچ برائے آزادئ القدس کے انتظامات کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے ۔انہوں نے مزید کہا کہ ملتان اور لاہور میں باقاعدہ فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی تنظیم نو کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاہم ایک ماہ میں فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان لاہور اور ملتان چیپٹر اپنا دستوری کام شروع کر دیں گے۔
والسلام۔۔۔یاسر خانزادہ۔۔سیکرٹری اطلاعات۔