فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقے طولکرم میں ایک پرامن فلسطینی ریلی پر اسرائیلی فوجیوں نے براہ راست فائرنگ کے ساتھ آنسوگیس کی بارش کردی جس کے نتیجے میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اتوار کے روز شمالی مغربی کنارے کے طولکرم شہر میں خضوری یونیورسٹی پر اسرائیلی فوج کے چھاپوں اور طلباء اساتذہ کو ہراساں کیے جانے کے خلاف مقامی فلسطینی شہری ایک احتجاجی مظاہرہ کر رہے تھے۔ قابض فوجیوں نے مظاہرین پر وحشیانہ طاقت کا استعمال کیا۔ پہلے مظاہرین پر آنسوگیس کی شیلنگ کی جس کے نتیجے میں کم سے کم 50 افراد آنسوگیس کے شیل لگلنے اور زہریلی گیس کے نتیجے میں زخمی ہوئے۔ فلسطینیوں نے اس کے باوجود احتجاج جاری رکھا تو ان پر براہ راست گولیاں چلائی گئیں۔ گولیاں لگنے سے نصف درجن فلسطینی زخمی ہوئے ہیں جن میں سے بعض کی حالت تشویشناک بیان کی جاتی ہے۔مقامی فلسطینی ذرائع نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے آنسوگیس کی شیلنگ کےبعد مشتعل شہریوں نے دشمن فوجیوں پر سنگ باری کی اور گاڑیوں پر پتھر پھینکے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوجی گذشتہ کئی روز سے خضوری یونیورسٹی کے مرکزی کیمپس پر چھاپے مار کر طلباء اور اساتذہ سمیت عملے کو ہراساں کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔