(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ) غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی دہشتگردی مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر طوباس اور جنین پر نویں روز میں مسلسل جاری ہے، جس میں بنیادی ڈھانچے، سڑکوں اور گھروں کی تباہی شامل ہے۔
فلسطینی ہلال احمر نے اعلان کیا کہ صیہونی افواج کی فائرنگ سے شہید 24 سالہ نوجوان کی لاش کو نکال لیا گیا ہے جبکہ دیگر زخمیوں کو بھی طبی امداد دی جا رہی ہے جن میں سے تین کی حالت تشویشناک ہے۔
مزید برآں، فلسطینی میڈیا کے مطابق، بدھ کی صبح جنین کے مشرقی محلے میں مزاحمت کاروں نے غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج کے ساتھ مسلح جھڑپیں کیں اور غاصب دشمن کو نقصان پہنچایا۔
طولکرم کیمپ میں، غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج نے منگل اور بدھ کی درمیانی شب، بلاونا محلے میں ایک گھر کو دھماکے سے اڑایا۔ بدھ کی صبح، فوج نے شمالی طولکرم میں شہید تامر فقہا کے گھر کو منہدم کر دیا۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق، غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی فوج فلسطینیوں کی املاک کے خلاف تباہی اور تخریب کاری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے، خاص طور پر طولکرم کیمپ کے مختلف محلے جیسے کہ بلاونا، الوکالة، اور العیادہ صیہونی دشمن کے نشانوں کا مرکز ہیں۔