(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) قابض صیہونی ریاست میں ں بدعنوانی اور عالمی وبا کورونا وائرس کے خلاف اقدامات میں ناکامی کی وجہ سے استعفے کے مطالبے کے ساتھ صیہونی وزیراعظم نیتن یاھو کے خلاف احتجاجی مظاہرے آٹھویں مہینے میں بھی جاری ہیں جس میں مزید شدت آتی جارہی ہے۔
مقبوضہ فلسطین میں عالمی وباء کورونا وائرس کے باعث لاگو کئے گئے لاک ڈاؤن کے باوجود وزیراعظم ہاؤس کے قریب ہزاروں اسرائیلیوں نے صیہونی وزیراعظم نیتن یاھو پر بدعنوانی کے مقدمےمیں فرد جرم عائد ہونے اور ملک میں عالمی وباء کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنےکے اقدامات میں ناکامی کے باعث احتجاجی مظاہرہ کیا ۔
‘مجرم وزیر اعظم ‘ کی تحریروں والی شرٹوں اور ماسکوں کے ساتھ مظاہرین نے ‘نیتان یاہو گھر جاو’ کے نعرے لگائے، مظاہرین نے ‘ قانون کی نظر میں سب مساوی ہیں’ اور ‘ واپس جاو’ کی تحریروں والے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔
صیہونی وزیراعظم اور مقبوضہ فلسطین میں غیر قانونی صیہونی آبادکاری کے خلاف مقبوضہ مغربی بیت المقدس سمیت تل ابیب اور ملک کے دیگر مختلف علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔وزارت اعظمیٰ ریذیڈینسی کے سامنے کئے گئے مظاہرے میں پولیس نے 8 مظاہرین کو حراست میں لے لیا ہے۔واضح رہے کہ اسرائیل کو کووِڈ۔19 کی تیسری لہر کا سامنا ہے اور بیروزگاری میں تیزی اضافہ ہو رہا ہے۔