(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے دیوار علیحدگی کے قریب ایک مزدور پر بلااشتعال فائرنگ کرکے شدید زخمی کردیا ،فوج کا کہنا ہے کہ فلسطینی نے غیر قانونی طور پر اسرائیل میں داخلے کی کوشش کی تھی۔
تفصیلات کے مطابق صیہونی فوج نے الزام عائد کیا ہے کہ مقبوضہ بیت المقدس کے شہر جنین کے مشرقی قصبے یعبد میں دیوار علیحدگی کے قریب ایک فلسطینی باشندے نے غیر قانونی طریقے سےدیوار علیحدگی کو عبور کرکے اسرائیل میں داخل ہونے کی کوشش کی تھی جس پر پہلے خبردار کیا گیاتاہم نا رکنے کی صورت میں فائرنگ کی گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق یعبد قصبے کے قریب ضاہر العبد گاؤں میں علیحدگی کی باڑ کے دروازے سے اسرائیل میں داخل ہونے والا فلسطینی مزدور پر اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کی جس سے وہ شدیدزخمی ہوگیا ۔
انہوں نے مزید بتایا کہ نوجوان کے پیر پر کم سے کم 6 گولیاں لگی ہیں جس سے اس کی حالت تشویشناک ہے ، زخمی کرنے کے بعد اسرائیلی فوجیوں نے زخمی کو قریبی چوکی برطعہ منتقل کر دیا۔
واضح رہے کہ حالیہ چند ہفتوں میں اسرائیلی فوج نے کم و بیش 10 فلسطینیوں کو دیوار علیحدگی کے قریب فائرنگ کرکے زخمی اور شہید کیا ہے اور الزام عائد کیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر اسرائیل میں داخل ہونے کی کوشش کررہے تھے ۔