رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج کی روز مرہ کی بنیاد پر جاری ریاستی دہشت گردی کے دوران اسرائیلی فوج نے گذشتہ ایک ہفتے کے دوران پانچ فلسطینی شہید کردیے۔ دوسری جانب فلسطینیوں کے ساتھ تصادم میں تین اسرائیلی بھی زخمی ہوئے۔ جب کہ 104 مقامات پر فلسطینیوں اور اسرائیلی فوج کے درمیان جھڑپیں ہوئیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق گذشتہ جمعہ کو اسرائیلی فوج کی فارنگ سے 16 سالہ محمد معین جحجوح، 28 سالہ عبدالعزیز ابو شریعہ اور 40 سالہ ماھر عطیہ یاسین نے جام شہادت نوش کیا۔ ان تینوں کا تعلق غزہ کی پٹی سے ہے۔ اس سے قبل گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج کی فائرنگ سے زخمی ہونے والا 36 سالہ شریف محمد حمد رضوان شہید ہوگیا تھا۔
جمعرات کو ایک فلسطینی شہری 17 سالہ قاسم محمد نعمان العباسی بیت المقدس میں اسرائیلی فوج کی گولیوں کا نشانہ بن کر جام شہادت نوش کرگیا۔
گذشتہ ہفتے اسرائیلی فوج اور فلسطینیوں کے درمیان 104 مقامات پر تصادم ہوا۔ فلسطینیوں کے حملوں میں تین اسرائیلی بھی زخمی ہوئے۔ جمعہ کے روز اسرائیلی فوج نے غزہ کی پٹی میں فلسطینی مظاہرین پر گولیاں چلائیں جس کے نتیجے میں 40 فلسطینی زخمی ہوگئے تھے۔