(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی فوج نے فلسطینی عالم دین کو گھر سے گرفتارکرنے کے بعد حراستی مرکز منتقل کردیا جبکہ گرفتاری کی وجہ بھی نہیں بتائی گئی۔
مقامی ذرائع کے مطابق قابض صیہونی فوج نے گزشتہ روز مقبوضہ بیت المقدس کی الواد کالونی کے رہائشی نوجوان فلسطینی عالم دین الشیخ رافت نجیب کو ان کے گھر پر چھاپہ مارکارروائی کے دوران گرفتارکرکے شہر میں موجود حراستی مرکز میں منتقل کردیا ہے، عالم دین کی گرفتاری کے حوالے سے اہل خانہ کو بھی تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا ہے ۔
الشیخ نجیب کو صیہونی حکام نے دو ماہ قبل مسجد اقصیٰ سے پانچ ماہ کے لیے بے دخل کردیا تھا، ذرائع کا کہنا ہے کہ صیہونی حکام فلسطینیوں کے حوصلوں کو پست کرنے کیلئے انتقامی کارروائیاں کررہے ہیں ۔
واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں کہ قابض صہیونی فوج نے کسی فلسطینی دینی شخصیت کو گرفتار کیا ہے یا انہیں مسجد اقصیٰ سے بے دخل کیا گیا ہے۔ اس طرح کے واقعات اب روز کا معمول بن چکے ہیں اور اسرائیلی ریاست ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت مسجد اقصیٰ میں گھس کر فلسطینیوں کو عبادت کے حق سے محروم کررہا ہے۔