نابلس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی حکام نے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس کے جنوب میں واقع سات دیہات کی سیکڑوں دونم اراضی پر غاصبانہ قبضہ کرلیا۔ مقامی فلسطینی سماجی کارکن غسان دغلس نے بتایا کہ فلسطینی دیہاتوں کی اراضی پر قبضے کے بعد اس میں سڑک کی تعمیر کی جائے گی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق دغلس کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے غرب اردن کے نواحی علاقے نابلس میں عراق بورین، حوارہ، بیتا، عورتا، یتما، الساویہ اور یاسوف کی 406 دونم اراضی غصب کرلی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج نے فلسطینی اراضی غصب کرنے کے بعد کہا ہے کہ اس اراضی کو مفاد عامہ کے لیے سڑکوں کی تعمیر اور دیگر مقاصد کے لیے استعمال کیا جائے گا۔
غسان دغلس کا کہنا تھا کہ اسرائیلی فوج کی طرف سے فلسطینی اراضی پر غاصبانہ قبضے کا مقصد اسرائیلی ریاست کے مفادات کے لیے کام کرنا ہے۔ مغصوبہ اراضی سے فلسطینی شہریوں کو کوئی فائدہ نہیں پہنچے گا بلکہ اسے صیہونی آباد کاروں کے لیے استعمال کیا جائے گا۔