مقبوضہ بیت المقدس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیل کی ایک عدالت نے انوکھا فیصلہ سنایا ہے اور مقبوضہ مشرقی القدس میں فلسطین کے لیجنڈ مرحوم لیڈر یاسرعرفات کی واقع جائیداد کو ضبط کرنے کا حکم دیا ہے۔ یاسر عرفات اس جائیداد کے شریک مالک تھے ۔ عدالت نے فلسطینی اتھارٹی کے ذمے واجبات کی عدم ادائیگی پر اس جائیداد کو ضمنی نقصان کے طور پر قبضے میں لینے کا حکم دیا ہے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقبوضہ بیت المقدس کی ضلعی عدالت کے اس فیصلے میں مرحوم یاسر عرفات کی جائیداد ( عرفات اسٹیٹ) کو مدعا علیہ قرار دیا گیا ہے۔عدالت نے اس کو اسرائیلی انتظامیہ کے قبضے میں دینے کا حکم دیا ہے اور کہا ہے کہ عرفات اسٹیٹ 30 دن میں اس فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرسکتی ہے ۔اس صورت میں کیس پر کوئی نیا حکم کسی نئی سماعت کے بعد ہی دیا جائے گا۔
اسرائیل کی غیر سرکاری تنظیم شورات حدین نے مقبوضہ مشرقی یروشلیم میں مرحوم یاسر عرفات کی جائیداد پر ایک دیوانی دعوے پر فیصلہ ہونے تک قبضے کے لیے عدالت میں درخواست دائر کی تھی۔اس نے فلسطینی اتھارٹی ، تنظیم آزادیِ فلسطین ( پی ایل او ) اور عرفات اسٹیٹ کے خلاف فلسطینی حملوں سے متاثرہ آٹھ خاندانوں کی جانب سے نقصانات پر دلا پانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔
شورات حدین کی سربراہ نتسانا دارشن لائٹنر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’’ یہ متاثرین اور ان کے خاندانوں کو انصاف دلانے کی جانب پہلا اہم قدم ہے۔جائیداد پر قبضہ ضروری تھا کیونکہ اگر دعویٰ ثابت ہوجاتا ہے تو پھر نقصانات کا ازالہ مشکل ہو جاتا ہے‘‘۔
اس اسرائیلی عورت نے کہا کہ ’’ ہم مقبوضہ بیت المقدس کے قلب میں عرفات اسٹیٹ کو ایسی صورت حال میں قطعہ اراضی اپنے پاس رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے جبکہ وہ متاثرین کو ان کے نقصانات کا ہرجانہ ادا نہ کرے‘‘۔
یاسرعرفات کے بھتیجے ناصر القدوہ نےبیت المقدس کی عدالت کے اس فیصلے کے ردعمل میں کہا ہے کہ یہ ان کے لیے بالکل ناقابل قبول ہے۔انھوں نے مغربی کنارے کے شہر رام اللہ میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ’’ اسرائیلی عدالت نے جس جائیداد کو ضبط کرنے کا حکم دیا ہے، اس میں یاسر عرفات اور ان کے بھائیوں کا حصہ بہت تھوڑا ہے‘‘۔
انھوں نے کہا کہ اس طرح کا فیصلہ چوروں ، لٹیروں اور ڈاکووں ہی کا کام ہوسکتا ہے۔واضح رہے کہ عرفات اسٹیٹ کی ملکیتی یہ جائیداد قریباً 2700 مربع میٹر (29 ہزار مربع فٹ) ہے اور یہ جبلِ زیتون پر واقع ہے ۔یہاں سے مقبوضہ بیت المقدس کا قدیم شہر اور مسجد الاقصیٰ کا نظارہ کیا جاسکتا ہے۔