رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) اسرائیلی جیل حکام کی جانب سے مطالبات مسترد کئے جانے کے بعد فلسطینی قیدیوں کی تحریک کے رہنماؤں اور دوسرے قیدیوں کی بھوک ہڑتال دوسرے روز میں داخل ہو گئی۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سزا کی تکمیل کے بعد رہائی پانے والوں اور زیر حراست قیدیوں کے امور سے متعلق کمیشن نے کہا کہ اسرائیلی جیل حکام نے منگل کے روز سے بھوک ہڑتالی قیدیوں کو النقب اور رامون جیل سے دوسری جیلوں اور علیحدہ کوٹھڑیوں میں منتقل کرنا شروع کر دیا ہے۔
قیدیوں کی بڑی تعداد نے جیل میں اپنے حقوق کے لیے اور تشدد کو روکنے کے لیے آج بھوک ہڑتال میں شرکت کی۔
اگر اسرائیلی جیل حکام نے قیدیوں کی تحریک کے مطالبات نہیں مانے تو 17 اپریل کو مزید قیدی بھوک ہڑتال میں شامل ہوں گے۔
اسیران میڈیا سینٹر کے مطابق اس سلسلے میں اسرائیلی جیلوں میں صرتحال کو مزید بگڑنے سے بچانے کے لیے متعلقہ جماعتیں مل جل کر کوششیں کر رہی ہیں۔