(روزنامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) صیہونی جیل حکام فلسطینی اسیر عماد کمیل کے علاج میں منظم مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کر رہے ہیں، قیدی کی حالت انتہائی خطرناک ہونے کے باوجود انہیں کسی قسم کی طبی امداد فراہم نہیں کی جا رہی ہے۔
فلسطینی قیدیوں کی تفصیلات اور ان کے دیگر امور کی کمیٹی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ جلبوع جیل میں قید غرب اردن کے شمالی شہر جنین کے جنوبی قصبے قباطیہ کے رہائشی 55 سالہ فلسطینی عماد راشد کمیل کی حالت انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے انھیں معدے سمیت دیگر اندرونی تکالیف کا سامنا ہے جبکہ سانس کی بھی تکیف ہے تاہم صیہونی جیل حکام کی جانب سے ان کے علاج معالجے کیلئے مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کیا جارہا ہے جس کے باعث ان کی زندگی شدید خطرات میں پڑگئی ہے ۔
اسیر راشد کمیل گزشتہ 22 سالوں سے پابند سلاسل ہیں ، انہیں اسرائیلی عدالت کی طرف سے تحریک آزادی کی جدو جہد میں حصہ لینے کے الزام میں عمرقید کی سزا سنائی گئی ہے۔