رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطینی اسیران اسٹڈی سینٹر کی طرف سے ’’یوم اسیران‘‘ کے موقع پر جاری کردہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ 587 فلسطینی اسیران عمر قید کے تحت پابند سلاسل ہیں۔ یہ تمام فلسطینی فلسطینی مزاحمتی قوتوں اوراسرائیل کے درمیان ’’وفاء احرار2‘‘ کے منتظرہیں۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق سترہ اپریل کو فلسطین میں یوم اسیران کے موقع پر جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ساڑھے تین سال قبل انتفاضہ القدس کے بعد اسرائیلی جیلوں میں عمر قید کے سزا یافتہ قیدیوں کی تعداد زیادہ ہوئی ہے۔ عمر قید کے سزا یافتہ 46 اسیران کو قدیم اسیران میں شامل کیا گیا جو 20 سال سے زائد عرصے سے اسرائیلی زندانوں میں قید ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی زندانوں میں عمر قید کے تحت پابند سلاسل اسیران کے خلاف فرضی اور جعلی الزامات کے تحت مقدمات چلائے گئے۔ اسرائیل میں تا حیات عمرقید کی سزا 99 سال ہے۔ اسرائیلیوں کے قتل کے الزامات میں فلسطینیوں کو تا حیات عمر قید کی سزا سنائی گئی۔