(روز نامہ قدس ۔آنلائن خبر رساں ادارہ ) صیہونی فوج نے فلسطینی خاندان کے گھر کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے 10 منٹ کے دوران مسمار کرنے کی ہدایت دی بصورت دیگر بھاری جرمانے اور قید کاحکم دیا۔
فلسطینی ذرائع کےمطابق غیر قانونی صیہونی ریاست اسرائیل کی نام نہاد فوج نے گذشتہ روز صحرائے النقب کے علاقے کے راھط سے تعلق رکھنے والے ایک فلسطینی شہری ابو غانم کے گھر کو غیر قانونی قراردیا اور اس کو مسمار کرنے کا حکم دیا۔
غاصب صیہونی فوج اور پولیس نے بلدیہ کے اہلکاروں اور ہیوی مشینری کے ہمراہ اس علاقے پر دھاوا بولا اور ابو غانم کے گھرانے کو گھر کو خالی کرنے کےلئے صرف 10 منٹ کا وقت دیا گیا ۔
غاصب صیہونی حکام نے خواتین اور بچوں سمیت ابو غانم کے گھرانے کو شدید گرمی میں کھلے آسمان تلے چھوڑ کر مکان کی مسماری شروع کردی اس کے ساتھ ہی خاندان پر بھاری جرمانہ بھی عائد کیا گیا۔
واضح رہے کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں دیہات اور قصبوں میں صیہونی حکام کی جانب سے بغیر پرمٹ کے تعمیرات کے بہانے گھروں، دکانوں اور صنعتی ورکشاپوں کو مسمار کرنے کے واقعات میں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے بار بار اسرائیل کے ریاستی جبر کےخلاف آواز اٹھانے کے باوجود فلسطینیوں کے خلاف یہ نسلی امتیازبند نہیں ہوا۔