رام اللہ (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے جاری کی گئی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال کے دوران اسرائیلی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں 54 فلسطینی بچے شہید اور 900 گرفتار کرکے عقوبت خانوں میں ڈالے گئے۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق فلسطینی انسانی حقوق مرکز’عبداللہ الحورانی مرکز برائے اطفال‘ کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ میں رواں سال کے دوران اسرائیلی ریاستی دہشت گردی کے اعدادو شمار جاری کیے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق صیہونی فوج کی ریاستی دہشت گردی کے نتیجے میں غزہ کی پٹی میں 44 بچے شہید ہوئے جب کہ دیگر 10 بچے غرب اردن اور القدس میں شہید کیے گئے۔ تین شہید بچوں کےجسد خاکی اسرائیلی فوج کی تحویل میں ہیں۔
مرکز برائے اطفال کے مطابق اسرائیلی فوج نے ایسے فلسطینی بچوں کو بھی شہید کیا جو کسی بھی صورت میں خطرہ نہیں تھے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ رواں سال اسرائیلی فوج نے کریک ڈاؤن کے دوران 900 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا۔ ان میں سے 230 بچے اب بھی بدستور پابند سلاسل ہیں۔