بیت لحم (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر بیت لحم میں قابض صیہونی آباد کاروں نے ایک مقامی فلسطینی اسکول پر دھاوا بولا اور اسکول میں گھس کر طلباء اور عملے کو تشدد کا نشانہ بنایا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق منگل کو جنوبی بیت لحم میں ایک اسکول میں گھرس کر صیہونی آباد کاروں نے طلباء کو ہراساں کیا۔
فلسطینی ذرائع کے مطابق دسیوں صیہونی آباد کاروں نے اسرائیلی فوج کی فول پروف سیکیورٹی مین مدرسہ الخنساء پر دھاوا بولا۔ صیہونی آباد کاروں نے اسرائیلی پرچم اُٹھا رکھے تھے اور فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی ریاست کی حمایت میں نعرے لگا رہے تھے۔
صیہونی آباد کاروں کے اسکول پر دھاوے کے وقت قریب سے گذرنے والی سڑکوں پر ٹریفک بند کردی گئی تھی۔