نابلس (روز نامہ قدس ۔آن لائن خبر رساں ادارہ) فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس میں صیہونی آباد کاروں کے ایک ٹولے نے ایک نہتی عمر رسیدہ شہری پر قاتلانہ حملہ کرکے اسے شدید زخمی کر دیا۔
روز نامہ قدس کو موصول ہونے والی اطلاعات کے مطابق مقامی سماجی کارکن غسان دغلس نے بتایا کہ صیہونی اشرار نے 70 سالہ مفید شاکر حجی کو نابلس کے مشرق میں برقہ کے مقام پر تشدد کا نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہو گئے۔
غسان دغلس کا کہنا تھا کہ یہ صیہونی آباد کاروں نے حجی کو اس وقت تشدد کانشانہ بنایا جب وہ اپنی بکریوں کے پاس تھے۔ فلسطینی شہری کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں اس کی حالت خطرے میں بیان کی جاتی ہے۔
مقامی ذرائع کا کہنا ہے کہ مفید الحجی کے سر اور جسم کے دیگر حصوں میں گہرے زخم آئے ہیں۔